نوازشریف کی سرجری کورونا کے باعث ملتوی کی گئی ، مریم نواز

رہنما مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کا علاج جاری ہے۔ کورونا وائرس کے باعث سرجری کو ملتوی کیا گیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نوازشریف کی صحت سے متعلق جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وبا کی صورتحال میں سرجری کا رسک نہیں لیا جا سکتا ۔
نوازشریف کا علاج جاری ہے ۔ آپ سب سے میاں نوازشریف کی بہتر صحت کیلئے دعا کی اپیل ہے۔

یوم مزدور کے حوالے سے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج میں ان سب کو سلام پیش کرتی ہوں جو خون پسینے سے ہماری زندگی کی روانی کا باعث بنتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث سب سے زیادہ متاثر مزدور طبقہ ہو ا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رمضان کے مہینے میں نیکی سمیٹنے کا وقت ہو تو اللہ کی مخلوق کی تکلیف کو دور کیا جائے۔

جو سب سے عظیم نیکی ہے۔

خیال رہے گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کے اجرا ء کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوازشریف عدالتی حکم کے تحت بیرون ملک علاج کے لیے گئے ،شریف خاندان ، نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نیب کا یہ اقدام قانون کی کھلی توہین اور عدالتی احکامات کے سراسر خلاف ہے ،نواز شریف زیر علاج ہیں، نیب کا یہ اقدام سراسر بدنیتی ہے ،عمران خان پوری قوم کو اپنے سیاسی انتقام کی بھینٹ چڑھا رہا ہے ۔