حکومت کا یو اے ای سے 700 بیروزگار پاکستانیوں کو مفت واپس لانے کا اعلان

متحدہ عرب امارات سے 700 بیروزگار پاکستانیوں کو مفت واپس لانے کا اعلان کیا گیا ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز زلفی بخاری نے قطر میں پاکستانی کمیونٹی سے ٹیلی کانفرنس میں یواے ای میں بیروزگار پاکستانیوں کو مفت واپس لانے کا اعلان کر دیا ۔ جمعرات کو زلفی بخاری نے کہاکہ یو اے ای میں 700 بیروزگار پاکستانیوں سے کرایا نہیں لیا جائے گا،پاکستانیوں کے سفری اخراجات متعلقہ کمپنی ادا کریں گی۔
بے روزگار پاکستانیوں کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت روزگار دینے کا اعلان کیا گیا ۔کانفرنس میں قطر سے 5500 پاکستانیوں کے لئے خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔زلفی بخاری نے کہاکہ آئندہ دو ہفتوں میں 5 پروازوں پر پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے انسانی وسائل نصر ثانی الحملی سے ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کیا ۔

وزارت اوورسیز کے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ کے بیان کے مطابق زلفی بخاری نے نصر ثانی الحملی سے متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستانیوں کی وطن واپسی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کی وطن واپسی سے قبل ان کے خون کے نمونے حاصل کرے گا۔دوسری جانب ،ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بحرین ،دبئی ،ابو ظہبی ،متحدہ عرب امارات سے اب تک فیصل آباد لائے گئے 1430 اوورسیز پاکستانیوں میں سے اس وقت تک 1130افراد کی ٹیسٹ رپورٹس موصول ہوچکی ہیں اورباقی افراد کی ٹیسٹ رپورٹس کا انتظار ہے جبکہ اب تک 114سمندر پار پاکستانیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے ۔
انہوں نے بتایاکہ اب تک 823سمندر پار پاکستانیوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ نیگیٹو آنے پر انہیں کورنٹائن پیریڈ مکمل کرنے کے بعد گھروں کو بھیج دیاگیا ہے۔