پنجاب حکومت نے کورونا کے مریضوں کو سیلف آئیسولیشن کی اجازت دے دی

پنجاب حکومت نے کورونا کے مریضوں کو سیلف آئیسولیشن کی اجازت دے دی ہے۔ حکومت نے سیلف ائولیشن کمیٹی کی اجازات سے مشروط کی گئی ہے، اس حوالے سے نوٹفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ہوم آئیسولیشن کیلئے خصوصی ہوم آئیسولیشن کمیٹی بنے گی، متعلقہ ضلع کا ڈپٹی کمشنر ہوم آئیسولیشن کمیٹی کے اراکین کو نا مزد کرے گا،ضلعی ہوم آئیسولیشن کمیٹی کی سربراہی اسسٹنٹ کمشنر کرے گا،کمیٹی میں محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار شامل ہوں گے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ شہری اور دیہی یونین کونسل کی سطح پر سب کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی، کمیٹی ہوم آئیسولیشن کیلئے گھروں کے سائز اور اہلخانہ کی تعداد کی جانچ کے بعد اجازت دے گی، جس مریض میں کورونا کی ہلکی علامات ہوں گی وہی ہوم قرنطینہ کا اہل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث اگر مریض کی حالت خراب ہو تو اسے ہوم قرنطینہ کی اجازت نہیں ہوگی، کورونا مریض،دیگر اہلخانہ کی تعلیم، ہوم آئیسولیشن کی بنیادی ضروریات کے بارے علم کو بھی پرکھا جائے گا، ہوم آئیسولیشن میں مریض روزانہ اپنی صحت کے متعلق اپڈیٹس محکمہ صحت کو بھجوانے کا پابند ہوگا۔

محکمہ صحت کی ہدایت کے مطابق مریض طے کردہ طریقہ کار کے تحت اپنے ٹیسٹ بھی کرواتا رہے گا، کورونامریض کو ہوم آئیسولیشن کے دوران ہر دس دن بعد اپنا ٹیسٹ کروانا ہوگا، دو بار ٹیسٹ رپورٹ منفی آنے پر مریض ہوم آئیسولیشن ختم کرسکے گا۔ واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے مزید 10 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 648 ہوگئی ، نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 30174 تک جا پہنچی ،8023 مریض صحتیاب ہوگئے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر سے کورونا کے مزید 807 کیسز اور 10 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس میں سے سندھ میں 9 ہلاکتیں اور 709 کیسز، اسلام آباد میں ایک ہلاکت اور 32 کیسز ،بلوچستان میں 59 اور آزاد کشمیر میں 7 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔