60 ہزار افراد کی اسمارٹ سیمپلنگ میں صرف 95 افراد میں کورونا کی تصدیق

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 60 ہزار افراد کی اسمارٹ سیمپلنگ میں 95 افراد کا کورونا مثبت آیا، یہ رینڈم سیمپلنگ عید الاضحٰی کے بعد 20 دنوں میں کی گئی، کورونا وائرس کا دوبارہ پھیلاؤ روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر جاری رکھنی ہوں گی۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عید الاضحٰی کے بعد 20 دن میں ہم نے مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے تقریباً 60 ہزار افراد کی رینڈم سیمپلنگ کی ہے۔
الحمد للہ ان میں سے صرف 95 لوگوں کے کورونا مثبت نتائج آئے ہیں جو کہ 0.16 فیصد بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ہمیں احتیاطی تدابیر جاری رکھنی چاہیں تاکہ وائرس کا پھیلاؤ دوبارہ زیادہ نہ ہو۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بڑے پیمانے پر اسمارٹ سیمپلنگ کی گئی ہے۔
مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 59 ہزار815 افراد کے نمونے لیے گئے۔

صرف 95 فیصد افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

اسی طرح ترجمان پرائمری ہیلتھ کیئرپنجاب کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کی سفارش پر صوبے کے تین شہرو ں میں مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔جس میں لاہور کے 12مقامات پر مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیاہے۔لاہور کے 12مقامات پر 28کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
راولپنڈی کے 3مقامات پر مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔ راولپنڈی کے 3مقامات پر7کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ اسی طرح گوجرانوالہ میں 2مقامات پر 53افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، جس پر دونوں مقامات کو لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ مثبت کورونا کیسز والے گھروں کو لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کا اطلاق 14روز کیلئے ہوگا۔
لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کیلئے پولیس کو ڈیوٹی پر مامور کیا جائے گا۔ واضح رہے گزتشہ روز سیکرٹری محکمہ صحت پنجاب محمد عثمان کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن کے ایس اوپیز میں کہا گیا کہ جس گھر میں کورونا کا مریض ہوگا، صرف اس گھر ، دکان کو سیل کیا جائے گا۔ متاثرہ گھر، یا دکان کے پورے علاقے، عمارت یا شاپنگ مالز کو سیل نہیں کیا جائے گا۔
مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ شخص گھر پر 14روز قرنطینہ میں رہے گا۔اسی طرح پنجاب میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کے باعث کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کے آثار دکھائی دینے لگے ہیں۔ مسلسل چوتھے روز کورونا کیسز اور شرح اموات میں کمی آنے لگی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں