حکومت نے صوبوں کو بغیر این اوسی ویکسین خریدنے کی اجازت دے دی

وفاقی حکومت نے صوبوں کو بغیر این اوسی ویکسین خریدنے کی اجازت دے دی، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا ویکسین خریدنے کیلئے وفاق تمام صوبوں کی مدد کرے گا، حکومت تمام پاکستانیوں کیلئے کورونا ویکسین خرید رہی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کوئی بھی صوبہ چاہے تو بغیر این اوسی کے ویکسین خرید سکتا ہے۔
کسی بھی صوبے کو اس حوالے سے مدد چاہیے تو مدد کریں گے۔ ویکسین کی خریداری کیلئے کسی این اوسی کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام پاکستانیوں کیلئے کورونا ویکسین خرید رہی ہے۔ مزید برآں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح11 اعشاریہ 2 فیصد تک جاپہنچی۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 525 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 41 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 2 ہزار268 مریض شفایاب ہو گئے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار256 ہو گئی ہے، کل مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 59 ہزار116 ہو چکی ہے۔ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 40 ہزار369 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کل ایک کروڑ سے زائد کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کل 46 ہزار663 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے3 ہزار55 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، 5 لاکھ 98 ہزار197 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 64 ہزار889 ہو چکی ہے، کل اموات 4 ہزار491 ہوگئیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 2 لاکھ15ہزار227 مریض سامنے آئے ہیں۔