وزیراعظم کا دورہ ترکیہ،زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سامان ترکیہ حکام کے حوالے کردیا

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے،فضائی اور زمینی راستے سے ترکیہ کو مدد جاری ہے اور مل کر اس مشکل کا مقابلہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے دورے پر ہیں،انہوں نے ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور زلزلہ متاثرین سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سامان ترکیہ حکام کے حوالے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں ترکیہ کی قیادت اور عوام نے پاکستان کا ساتھ دیا،ہم کیسے ترکیہ کے عوام کی مدد کو بھول سکتے ہیں۔ترکیہ کے عوام سے صرف تحریک خلافت نہیں بلکہ اس سے بھی پرانا رشتہ ہے،پاکستان میں سیلاب آیا تو ترک خاتون اول نے انقرہ اور استنبول میں چندہ اکٹھا کیا،سیلاب زدگان کیلئے خاتون اول نے ذاتی ہار امداد دیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم مل کر مشکل وقت کا مقابلہ کریں گے،ترک بھائیوں کی مدد ہمارا فرض ہے اور اپنے بھائیوں سے ہر ممکن تعاون کریں گے،فیصلہ کیا ہے کہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کو خیمے بھیجیں گے۔اعلٰی معیار کے خیموں کی تیاری تیز کریں گے،ترکیہ جلد اس مشکل وقت سے نکل آئے گا،ترکیہ اور پاکستان کے عوام ایک خاندان کی طرح ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی،وزیراعظم نے ترک صدر سے زلزلے سے جانی ومالی نقصان پر اظہارافسوس کیا،وزیراعظم کا صدارتی محل پہنچنے پر ترک صدر رجب طیب اردوان نےاستقبال کیا۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے عالمی برادری مشکل کا شکار انسانیت کی مدد کیلئے آگے آئے،ترکیہ کے نقصان کو اپنا نقصان سمجھتے ہیں، ترکیہ اورشام میں زلزلے کے نقصانات سے نمٹنا کسی ایک حکومت کی استعداد سے کہیں زیادہ ہے۔