قطر نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کردی

قطر نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کردی، خلیجی ملک کی جانب سے ایل این جی پاور پلانٹس، ایئرپورٹس اور سولر پاور پارکس میں سرمایہ کاری کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے سی ای او منصور ابراہیم المحمود نے دوحہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کی مختلف تجاویز پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران پاکستان کے توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی گئی، قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی نے پاکستان میں ایل این جی پاور پلانٹس، ایئرپورٹس اور سولر پاور پارکس میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

بتایا گیا ہے کہ المحمود نے قطر اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی اہمیت کے حوالے سے بھی وزیراعظم سے اتفاق کیا اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا، اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شعبے میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی پر جناب المحمود کا شکریہ ادا کیا اور قطری سرمایہ کاروں کو پاکستانی حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کر کے دو طرفہ باہمی مفاد کے وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا، اس دوران پاکستان اور قطر کے درمیان معاشی و سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی، ملاقات میں امیر قطر نے خلیجی ملک کی ترقی میں پاکستانی محنت کشوں کی کاوشوں اور فیفا ورلڈکپ کے کامیاب انعقاد پر پاکستانی سکیورٹی حکام کی کارکردگی کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے حوالے سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے ہنرمند افراد کی قطر آمد کے طریقوں اور ذرائع بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا، امیر قطر نے پاکستان اور قطر کے درمیان معاشی تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور پاکستان کی ترقی میں قطر کا بھرپور تعاون اور حمایت جاری رکھنےکا اعادہ کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔