تحریک انصاف کو لاہور میں ریلی نکالنے کی اجازت دے دی گئی

تحریک انصاف کو لاہور میں ریلی نکالنے کی اجازت دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو پیر کو لاہور میں مشروط طور پر ریلی نکالنے کی اجازت دے دی ذرائع کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے حکام نے تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات کی، اس دوران ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو کل ریلی کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ اور اداروں کی خلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی۔
واضح رہے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آج اتوار کو انتخابی مہم کے سلسلے میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد لاہور کی انتظامیہ حرکت میں آئی اور شہر میں دفعہ 144 لگا کر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے ساتھ ساتھ رینجرز کو بھی طلب کر لیا تھا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آج لاہور میں ہونیوالی ریلی کل تک کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ دفعہ 144 غیر قانونی طور پر صرف اور صرف پی ٹی آئی کی انتخابی مہم پر لگائی گئی ہے جبکہ لاہور میں دیگر تمام عوامی سرگرمیاں جاری ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ صرف زمان پارک کو کنٹینرز اور پولیس کی بھاری نفری نے گھیر رکھا ہے، واضح طور پر 8 مارچ کی طرح پنجاب کے وزیراعلیٰ اور پولیس تصادم کو ہوا دینا چاہتے ہیں تاکہ اسے پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کے خلاف مزید جعلی ایف آئی آر درج کرنے اور انتخابات ملتوی کرنے کے بہانے کے طور پر استعمال کیا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے تو انتخابی سرگرمیوں پر دفعہ 144 کیسے لگائی جا سکتی ہے؟ میں تمام پی ٹی آئی ورکرز سے درخواست کررہا ہوں کہ اس جال میں نہ پھنسیں، اس لیے ہم نے ریلی کل تک ملتوی کر دی ہے۔