آئی ایم ایف کی مشکل شرائط، پاکستان کی دوست ممالک سے مدد کی درخواست

آئی ایم ایف کی مشکل شرائط، پاکستان نے دوست ممالک سے مدد کی درخواست کر دی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان براہ راست قرض کے معاملے پر گذشتہ روز ہونے والے مذاکرات میں پیش رفت سامنے آئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دفتر خارجہ اور پاکستانی وزارت خارجہ کے امریکا و دیگر ممالک سے رابطوں میں بھی پیش رفت ہوئی ہے۔
وزرائے خزانہ و خارجہ نے آئی ایم ایف کی مشکل شرائط پر دوست ممالک سے مدد کی درخواست کی۔مذاکرات میں وقفے وقفے سے وزیر خزانہ بھی شریک ہوئے۔مذاکرات میں رواں سال بیرونی فنانسنگ 7 ارب ڈالرز کے بجائے 6 ارب ڈالرز کرنے پر اتفاق ہوا۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق چین سے 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے پر بھی بات ہوئی۔

جبکہ چین کی طرف سے 80کروڑ جلد ملنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ ایک مرتبہ پھر اگلے دو دن میں آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کے لیے پر امید ہے۔قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے میں تاخیر کے باعث پاکستان نے امریکہ سے بات کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔بتایا گیا کہ تمام شرائط پر عملدرآمد ہو چکا ہے،معاہدے میں تاخیر کا جواز نہیں۔آئی ایم ایف نے جو شرائط عائد کیں معاشی ٹیم نے ان پر من و عن عملدرآمد کیا،آئی ایم ایف شرائط منوا کر انہی شرائط پر بات کر رہا ہے۔
ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار امریکی سفیر سے آئی ایم ایف معاہدے پر بات کریں گے۔امریکہ سے بات چیت کے بعد رواں ہفتے آئی ایم ایف معاہدہ طے پانے کا امکان ہے،آج بھی آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئل مذاکرات ہوں گے،جبکہ وزیر خارجہ بھی امریکی حکام سے آئی ایم ایف معاہدے پر بات چیت کر چکے ہیں۔