توشہ خانہ کیس،تحریک انصاف نے سیشن عدالت کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کر دیا،عمران خان کے وارنٹ برقرار رکھنے کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آ ئی عمران خان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کے سیشن عدالت کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا،پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کی جانب سے فیصلے کیخلاف باضابطہ نظرِثانی کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ عملے کی جانب سے سیشن کورٹ کے فیصلے کیخلاف درخواست کو نمبر لگا دیا گیا،درخواست میں سیشن کورٹ فیصلے پر قانونی اعتراضات اٹھاتے ہوئے نظرِثانی کی استدعا کی گئی۔
قبل ازیں تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ سیشن جج کے فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر کریں گے، عمران خان ہفتے کو اسلام آباد میں عدالت میں پیش ہوں گے، ہم حکومت کے ساتھ بات کرنے کو تیار ہیں، تمام مسائل کا واحد حل الیکشن ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کے خلاف ہر روز نئے کیسز بنتے ہیں، عمران خان نے کرکٹ میں تو بہت سنچریاں بنائی ہیں، عمران خان کی ایف آئی آر میں بھی سنچری ہونے والی ہے، پولیس کو رانا ثنااللہ کو ڈھونڈنا چاہئے تھا جو ان کو نہیں مل رہا، ہمارے پاس جو بھی قانونی راستے ہوں گے اپنائیں گے، عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوچکا، وہ مفروضوں پر بات نہیں کرتے، قاتلانہ حملے سے پہلے عمران خان تمام عدالتوں میں پیش ہونے کیلئے تیار تھے۔ جبکہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے عدالت میں ضمانت کیلئے اپنی کاوش کی ، عدالت نے ہمیں کل کا وقت دیا ہوا ہے، ہمیں امید ہے کہ عدالت سے ہمیں ضمانت مل جائے گی۔