شہد کی مکھیاں فٹبال بھی کھیل سکتی ہیں

لاہور ( جیوعوام ) کیا آپ جانتے ہیں شہد کی مکھیاں فٹ بال کھیل سکتی ہیں اور گول بھی کر سکتی ہیں ؟ سننے میں یہ بات بہت حیران کن لگتی ہے مگر یہ حقیقت ہے ۔ دراصل شہد کی مکھیاں اپنے جیسے دیگر اڑنے والے کیڑوں سے کہیں زیادہ ذہین اور چالاک ہوتی ہیں اور ان میں بہت تیزی سے سیکھنے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے ۔ ان کی آواز اور حرکت جسے ہم ان کا اڑنا اور بھنبھناہٹ سمجھتے ہیں، دراصل دوسری مکھیوں کیلئے اشارہ ہے کہ انہیں کہاں سے زیادہ غذا ملے گی ۔

حال ہی میں ایک تحقیق میں ثابت ہوا کہ ایک ننھے بیج سے بھی کم جسامت کا دماغ رکھنے والی شہد کی مکھی فٹبال بھی کھیل سکتی ہے ۔ تحقیق کیلئے مکھی کی جسامت سے مطابقت رکھتی ایک چھوٹی سی گیند اور اتنا ہی گراؤنڈ بنایا گیا بعد ازاں ایک مکھی کو فٹبال کھیلنے کی تربیت دی گئی ۔ اس کیلئے اسے گیند کی سمت بتائی گئی اور صحیح حرکت پر اسے انعام میں چینی کا ایک ٹکڑا دیا گیا ۔

مکھی نے بہت جلد بتائی گئی مووز کو سیکھ لیا اسکے بعد اس مکھی کو دیکھ کر ہر مکھی نے فٹبال کھیلنا سیکھا اور گول بھی کیا ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہد کی مکھیوں میں سیکھنے کی حد درجہ صلاحیت موجود ہوتی ہے اور یہی خوبی اسے دوسرے کیڑوں سے ممتاز بناتی ہے ۔