لاہورہال انتظامیہ کے تالے لگانے پر پی ٹی آئی کا سڑک پر ورکرز کنونشن

لاہور: (ٹیسکو نیوز) تحریک انصاف کا لاہور میں ہونے والا ورکرز کنونشن سیاسی محاذ آرائی کی نذرہو گیا، ہال انتظامیہ نے شادی ہال کو تالے لگائے تو پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سڑک پر کنونشن کا میدان سجا لیا۔ پی ٹی آئی کے ٹاؤن شپ لاہور میں ورکرز کنونشن کے دوران رات کو شروع ہونے والی کشیدگی اتوار کی دوپہر تک برقرار رہی۔ ورکرز کنونشن ہونا تو شادی ہال میں تھا مگر ہال کو تالے لگے ملے تو پی ٹی آئی کے ٹائیگرز بپھر گئے۔ پی ٹی آئی قیادت کا کہنا ہے کہ شادی ہال کے مالک کو مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت اور انتظامیہ نے ڈرایا دھمکایا۔ پی ٹی آئی کارکنان نے شادی ہال نہ ملنے پر سڑک ہر ہی کنونشن کا میلہ سجا لیا۔
پی ٹی آئی نے ساری صورتحال کی ذمہ داری صوبائی وزیر زعیم قادری کے سر ڈال دی۔ محمود الرشید بولے، زعیم قادری نے ن لیگ گا اصل چہرہ دکھا دیا۔ پی ٹی آئی رہنماء کہتے ہیں اگر مسلم لیگ ن ہالز کے اندر سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دینے کو تیار نہیں تو ہم سڑکوں پر سیاسی مقابلے کے لئے تیار ہیں۔
شفقت محمود بولے، سڑکوں پر جنگ کے لئے تیار ہیں، ن لیگ پھٹیچر لیگ بن چکی ہے۔
دوسری جانب، صوبائی وزیر زعیم قادری اپنے اوپر لگائے جانے والے الزام کی نفی کرتے رہے جبکہ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ان کی تحقیقات کے مطابق ہال مالک کو کسی نے ہال دینے سے نہیں روکا۔