حکومت نے لاہور کو دوسری سیاسی جماعتوں کیلئے نو گو ایریا بنا دیا: بلاول

لاہو ( ٹیسکو نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مقتول پارٹی رہنماء بابر سہیل بٹ کے گھر گئے اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی جس کے بعد میٖڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لاہور کو نو گو ایریا بنایا جا رہا ہے، بابر بٹ کے قتل پر اس کے اہل خانہ کو انصاف نہیں مل رہا۔

بلاول بھٹو زرداری حکومت پر برس پڑے، کہتے ہیں نواز حکومت نے لاہور کو دوسری سیاسی جماعتوں کے لئے نو گو ایریا بنا دیا ہے، تخت لاہور گرانے کے لئے نوجوان ان سے تعاون کریں۔

پی پی چیئرمین نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تخت لاہور سے نجات کے لئے ان کا ساتھ دیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی لاہور سمیت پنجاب بھر سے جیتے گی۔ بلاول بھٹو نے بتایا کہ اس سے پہلے شوکت بسرا پر بھی حملہ ہو چکا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے قصور اور لاہور کے عہدیداروں کے تقرر کے لئے بلاول ہاؤس میں انٹرویوز بھی کئے۔ انہوں نے اس حوالے سے بتایا کہ نئی تنظیموں کا اعلان سب سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔