مہنگی شادی کا انجام ، دلہا دلہن کے اہلخانہ کو ایف بی آر کا نوٹس

ملتان ( ٹیسکو نیوز) دونوں خاندانوں کے اثاثے کیا ہیں ، جائیدادوں پر کتنا ٹیکس دیا 24 مارچ تک تفصیلی جواب داخل کرنا ہوگا مہنگی شادی کا مہنگا شوق بھاری پڑ گیا ۔ ملتان میں ایف بی آر حکام نے شادی میں شاہ خرچیوں پر دلہا اور دلہن کے گھر والوں کو نوٹس بھجوا دیا ، اثاثوں اور ٹیکس ادائیگی کی تفصیلات مانگ لیں ۔

24 مارچ تک جواب نہ دیا تو سخت قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دے دی ۔ مہنگی شادی گلے پڑ گئی ، شیر پر سوار دلہا راجا ، پندرہ ہزار باراتی ، کروڑوں کا جہیز ، ملتان میں انوکھی شادی کی ملک بھر میں دھوم مچی ۔ خبر سن کر ایف بی آر حکام بھی گھوم گئے ۔ دلہا ، دلہنیا کے اہلخانہ کو نوٹس بھیج دئیے ۔

اب دونوں خاندانوں کو لینے کے دینے پڑیں گے ، اتنی مہنگی شادی کیلئے پیسہ کہاں سے آیا ؟ دلہا دلہن کے اہلخانہ کا ذریعہ معاش کیا ہے ؟ دونوں خاندانوں کے اثاثے کتنے ہیں ؟ جائیدادوں اور آمدنی پر کتنا ٹیکس دیا ؟ ایف بی آر نے ساری تفصیلات مانگ لیں ۔ اب دونوں خاندانوں کو 24 مارچ تک جواب دینا ہو گا ۔ دلہا راجا نے پرانا رواج چھوڑ کر گھوڑے اور کار کی بجائے اصلی شیر کے پنجرے پر سواری کی ۔

شادی میں شاہ خرچیوں کی نئی مثال قائم ہوئی ۔ دلہن کے اہلخانہ نے پانچ کروڑ کا جہیز دیا ۔ دونوں خاندانوں کو ہر صورت اپنے تمام اثاثوں کے حوالے سے ایف بی آر کو آگاہ کرنا پڑے گا ۔