پی ایس ایل کا فائنل دہشتگردی کیخلاف تھا :اقبال ظفر جھگڑا

پشاور ( ٹیسکو نیوز) گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفرجھگڑا نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور تنہائی کے دن گزرگئے ، پی ایس ایل کا فائنل درحقیقت دہشت گردی کیخلاف تھا ۔ پشاور زلمی کے اعزاز میں گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے ظہرانہ کا اہتمام ۔ پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا کی طرف سے پاکستان سپرلیگ 2 کی فاتح پشاور زلمی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا ۔ اس موقع پر پشاور زلمی کے کھلاڑیوں سمیت ٹیم کے اونر جاوید آفریدی بھی موجود تھے ۔ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفرجھگڑا نے کہا ہے کہ حالات میں 80 فیصد تک بہتری آئی ہے ۔ پشاور زلمی نے نہ صرف صوبے بلکہ ملک کا نام روشن کیا ہے ، لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل درحقیقت دہشت گردی کیخلاف تھا جس میں ہم دہشت گردی کو شکست کو دینے میں کامیاب رہے ہیں ۔ اس موقع پر پشاور زلمی کے اونر جاوید آفریدی نے وزیر اعظم ، آرمی چیف اور پی سی بی حکام کا شکریہ ادا کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کروانا بڑا چیلنج تھا،پشاور زلمی کی جیت پورے ملک کی جیت ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت غیرملکی کھلاڑیوں کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے انہیں قومی ایوارڈ سے نوازے ۔ انہوں نے فاٹا میں سپورٹس پالیسی کے اعلان کا بھی مطالبہ کیا ۔ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے امید ظاہر کی کہ اگلے سال پی ایس ایل کا انعقاد پاکستان میں کیا جائے گا ۔ جاوید آفریدی نے نئے کھلاڑیوں کو دبئی پریمیر لیگ میں شرکت کے لئے بھیجنے کا بھی اعلان کیا