وزیر اعظم نے واضح کیا کہ عدالت کا ہر فیصلہ قبول ہو گا: لیگی رہنماؤں کی یقین دہانی

اسلام آباد: ( ٹیسکو نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنماء دانیال عزیز اور مصدق ملک نے شہر اقتدار میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک بار پھر پی ٹی آئی پر شدید تنقید کی۔ لیگی رہنماء ڈاکٹر مصدق ملک نے پاناما کیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے واضح طور پر کہا ہے کہ عدالت کا فیصلہ قبول کریں گے۔

دانیال عزیز نے استفسار کیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے تمام جماعتوں کو نشانہ بنانا کون سا طرز سیاست ہے؟ دانیال عزیز کا یہ بھی کہنا تھا کہ واقعی جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے۔ انہوں نے تحریک انصاف کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ 2013ء سے قبل ایک سیٹ لینے والی جماعت نے الیکشن چوری ہونے کا الزام لگایا۔ دانیال عزیز نے مطالبہ کیا کہ عمران خان اپنا رویہ تبدیل کریں۔

دانیال عزیز نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے سیاست میں “اوئے” کا کلچر متعارف کرایا اور یہ بھی کہا کہ ہر ادارے کو گالیاں دینا تحریک انصاف کا طرز عمل ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے دوسروں کو برا بھلا کہہ کر خود کو اچھا ثابت کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ عمران خان پر تنقید ہو تو وہ بلیک میلنگ پر اتر آتے ہیں۔

دانیال عزیز نے دعویٰ کیا کہ کرپشن کے خلاف تحریک انصاف کی پالیسی میں تضاد ہے کیونکہ خیبر پختونخوا میں ڈیڑھ سال سے احتساب بیورو کا سربراہ ہی نہیں لگ سکا۔