‘فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کیلئے آئی سی سی نے سزا طے کر رکھی ہے’

لاہور: (99 نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کیلئے آئی سی سی نے سزا طے کر رکھی ہے جن پاکستانی کھلاڑیوں پر فکسنگ کا جرم ثابت ہو جائے انہیں آئی سی سی قوانین کے مطابق ہی سزا ملنی چاہئے۔ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور سابق کپتان انضمام الحق نے فکسنگ کے معاملے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنا مؤقف بتا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملوث کھلاڑیوں کو آئی سی سی قوانین کے تحت ہی سزا ملنی چاہئے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ محمد حفیظ کو فٹنس اور پرفارمنس کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔ وہ ٹیم کیلئے بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں سود مند ثابت ہو سکتے ہیں۔

انضمام الحق نے یہ بھی کہا کہ دورہ آسٹریلیا میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا مقصد 2019ء کے ورلڈ کپ کی تیاری ہے۔