عابد شیر کی پی پی کو تمغۂ لوٹ کھوسٹ، شرجیل کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری دینے کی سفارش

فیصل آباد ( ٹیسکو نیوز) اپوزیشن جماعتوں پر وزیر مملکت عابد شیرعلی نے بھرپور حملے کئے ہیں، کہتے ہیں ایک زرداری کرپشن پر بھاری، پی پی کو تمغۂ لوٹ کھوسٹ دینا چاہئے، پرویز الہیٰ دو بینکوں کے ڈاکو ہیں۔ لیگی رہنماء عابد شیر علی نے دعویٰ کیا ہے کہ 2018ء کے بعد بھی نواز شریف ہی وزیر اعظم ہونگے، عمران خان ریلو کٹا ہی رہیں گے۔عابد شیر علی نے میڈیا سے گرما گرم گفتگو میں پیپلز پارٹی کی قیادت پر کرپشن میں ملوث ہونے کے خوب الزامات لگائے، بولے ایک زرداری کرپشن پر بھاری۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی پی کو تمغۂ لوٹ کھسوٹ دینا چاہئے، حکومت سندھ نے کوئی بڑا کام نہیں کیا البتہ یہ کام بڑا کیا ہے کہ ان کے وزراء کی چارپائیوں کے نیچے سے اربوں روپے نکل رہے ہیں۔عابد شیر نے شرجیل میمن کو لوٹ کھسوٹ کی پی ایچ ڈی ڈگری دینے کا مشورہ دے ڈالا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شرجیل میمن ضمانت کیلئے جائیں گے تو ان کی ضمانت مسترد ہو گی۔وزیر مملکت نے قاف لیگ کے رہنماء پرویز الہیٰ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی خود کمیشن لیتے تھے، پرویز الہیٰ پنجاب بنک اور مہران بنک کے ڈاکو ہیں۔ عابد شیر کا کہنا تھا کہ پرویز الہیٰ گجرات میں ایک پل بھی نہیں بنا سکے۔