پاناما کیس میں حکومت کی سانس اکھڑ گئی ہے: پرویز الہٰی

ملتان ( ٹیسکو نیوز) سیاست کی گرما گرمی ملتان بھی پہنچ گئی، مسلم لیگ ق کے ورکرز کنونشن میں چودھری پرویز الہیٰ نے حکومت پر چڑھائی کر دی، کہتے ہیں پاناما کے سبب حکمرانوں کی سانس اکھڑ چکی، ن لیگی حکومت صرف اشتہارات میں نظر آتی ہے، ہسپتالوں میں علاج نام کی کوئی چیز نہیں، لوگ ہیلتھ کارڈ لیکر کہاں جائیں؟ مسلم لیگ ق کے ورکرز کنونشن میں چودھری پرویز الہیٰ نے دھواں دھار خطاب کیا۔ انہوں نے حکومت پر طنز کے خوب نشتر چلائے۔ حکومتی منصوبوں کو بھی ہدف تنقید بنایا، بولے پاناما کا فیصلہ چاہے کچھ بھی آئے، حکمرانوں کی سانس اکھڑ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اب صرف اشتہاروں میں نظر آتی ہے۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب کا بجٹ لاہور پر لگا دیا گیا، ہسپتالوں میں علاج نام کی کوئی چیز نہیں، لوگ ہیلتھ کارڈ لیکر کہاں جائیں۔ پرویز الہیٰ نے دعویٰ کیا کہ ان کے دور میں کسانوں کیلئے انقلابی اقدامات کئے گئے مگر آج کاشتکار خوار ہو رہے ہیں اور حکومت کو غریبوں کا درد ہی نہیں ہے۔