پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش، سمری اوگرا کو ارسال

لاہور ( ٹیسکو نیوز ) حکومت نے عوام کی جیب پر ایک اور وار کرنے کی تیاری کر لی، پٹرول دو روپے، ڈیزل دو روپے دس پیسے فی لٹر مہنگا کرنے کی سمری اوگرا کو بھجوا دی گئی، مٹی کا تیل تیرہ روپے فی لٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ہوشیار، خبردار، عوام ہو جائیں تیار۔ حکومت نے ایک اور مہنگائی بم گرانے کی تیاری کر لی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات ایک بار پھر مہنگی کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ سمری اوگرا کو ارسال کر دی گئی۔ اوگرا کو بھجوائی گئی سمری میں پٹرول دو روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل دو روپے دس پیسے فی لٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 13 روپے فی لٹر اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اوگرا سے منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پچھلے کئی ماہ سے مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔