بد عنوانی تمام برائیوں کی جڑ‘ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں: چیئرمین نیب

اسلام آباد ( جیوعوام ) نیب کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی سے آہنی ہاتھوں کیساتھ نمٹنے کے لئے پرعزم ہے، بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے جس کا خاتمہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، نیب ملک کو بدعنوانی سے پاک کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں نیب کے تمام شعبوں کی کارکردگی کے جائزہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا نیب نے انسداد بدعنوانی کی موثر حکمت عملی بالخصوص شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائری اور انوسٹی گیشن پر مشتمل تین مرحلوں کا طریقہ کار وضع کیا ہے۔ انہوں نے کہا 2015ء کے مقابلے میں 2016ء میں نمٹائی گئی شکایات، انکوائریوں اور انوسٹی گیشن کی تعداد دوگنا ہے۔ گزشتہ اڑھائی سال کے دوران نیب کی کارکردگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیب کے تمام شعبوں نے اپنے فرائض کو بھرپور انداز میں ادا کیا ہے۔ نیب میں شکایات کی تعداد میں اضافہ نیب پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ میں پاکستان کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں 126 سے 116 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان سارک ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان کو سارک ممالک کے اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔ نیب کی کوششوں سے یہ اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا نیب میں ادارہ جاتی انصاف کا نظام بھی وضع کیا گیا ہے۔ غیر فعال اور نااہلی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی گئی ہے۔ گزشتہ اڑھائی سال کے دوران نیب کے 84 افسروں کے خلاف تحقیقات کی گئیں جن میں سے 60 کے خلاف مقدمات مکمل ہو گئے۔