دہشتگردی کے خاتمہ سے پولیو پر قابو پانے میں مدد ملے گی: صدر ممنون

اسلام آباد ( ٹیسکو نیوز ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب، رد الفساد اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں سے پولیو پر قابو پانے میں مدد ملی ہے اور وزیراعظم نے صحت عامہ کو بہتر بنانے کے لیے انتہائی اہم اقدامات کیے ہیں جن کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔ صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او)کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد فکری سے ملاقات کے دوران کہی جس میں وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے سے پولیو پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑنے صحت عامہ سے متعلق وزیراعظم کے وژن پر بڑی محنت سے کام کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ڈبلیو ایچ او کی طرف سے یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ اس موقع پر ڈبلیو ایچ اوکے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد فکری نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولتیں عام کرنے کے لیے حکومت پاکستان کو ڈبلیو ایچ او کا تعاون حاصل رہے گا۔