حکومت لوگوں کی بھوک پر سیاست نہ کرے: خورشید شاہ

سکھر ( ٹیسکو نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ایک بار پھر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں سے چھوٹے صوبوں میں نفرتیں پیدا ہو رہی ہیں۔ وزیر اعظم ایوان میں آتے نہیں، اپنے تحفظات کیسے پہنچائیں۔ سندھ اور بلوچستان کو پانی اور گیس کیوں نہیں دی جا رہی؟ سکھر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے حکومت پر دل کھول کر تنقید کی اور کہا کہ حکومت وفاق کی مضبوطی نہیں دیکھ رہی۔ وزیر اعظم اور وزراء ایوان میں آتے نہیں تو اپنے تحفظات کس طرح ان تک پہنچائیں۔ خوشامدی نواز شریف کو سندھ کے اصل مسائل نہیں بتا رہے۔ خورشید شاہ نے شکوہ کیا کہ سندھ اور بلوچستان دو ماہ سے پانی سے محروم ہیں جبکہ سندھ کے کئی علاقوں میں گیس کی فراہمی بھی نہیں کی جا رہی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا حکومت ہوش کے ناخن لے اور لوگوں کی بھوک پر سیاست نہ کرے۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا تو حکومت مشکلات کے بھنور میں پھنس جائے گی۔