میٹرو پر بارات‘ مسجد میں نکاح‘ بالوشاہی سے مہمانوں کی تواضع‘ ملتانی دل والا 1250 روپے خرچ کرکے دلہنیا لے آی

ملتان ( ٹیسکو نیوز) مہنگی ترین شادیوں کے بعد اب ملتانیوں نے شادیوں میں سادگی کے بھی ریکارڈ توڑ دیئے۔ دولہا شیخ عرفان کی شیر پر سواری اور دولہا نعمان قریشی کی درجنوں لیموزین گاڑیوں پر بارات کے بعد اب ملتان کا رہائشی دولہا رمضان میٹرو بس پر اپنی بارات لے آیا۔ قریبی مسجد میں سادگی سے نکاح پڑھوا کر باراتیوں کی بالوشاہی اور پانی سے تواضع کی گئی اور یوں صرف 1250 روپے میں دل والا دلہنیا گھر لے آیا۔ منظورآباد کا رہائشی سفید شلوارقمیض اور کالی ویسٹ کوٹ پہنے رمضان باراتیوں کے ہمراہ میٹرو بس سٹیشن چوک منظور آباد سے شام 5 بجے روانہ ہوا اور شاہ رکن عالم کالونی اترا۔ قریبی مسجد سے نکاح پڑھوا کر دلہن صدف کو بیاہ کر گھر لے آیا۔ 60 کے قریب باراتیوں کے ٹوکن کراچی سے آئے ہوئے دولہا کے ماموں عبدالقدیر نے خریدے تھے۔