پاکستانی بیٹنگ‘ بائولنگ فلاپ‘ عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز تیسرا ٹی ٹونٹی میچ جیت گی

لاہور ( جیوعوام )عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں7وکٹوں سے ہر ا دیا ۔پاکستان کوچار میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہے ۔ پورٹ آف سپین میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس کپتان سر فرازا حمد نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا ۔ قومی ٹیم نے 8وکٹوں کے نقصان پر 137رنز بنائے ۔ پاکستانی اوپننگ جوڑی ایک پھر ناکام رہی ‘احمد شہزاد صرف چار رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ ون ڈائون پوزیشن پر بابر اعظم کی بجائے عماد وسیم کو بھیجا گیا جو بغیر کوئی رن بنائے سٹمپ آئوٹ ہوگئے ۔ دو وکٹیں جلد گرنے کی وجہ سے ٹیم دبائو میں آگئی تاہم کامران اکمل اور بابر اعظم نے سنبھالا دیا اور سکورکو 92رنز تک پہنچا دیا۔ کامران اکمل 48رنز بناکر کیچ دے بیٹھے ‘ان کی اننگز میں دوچھکے اور چار چوکے شامل تھے ۔ شعیب ملک بھی زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکے اور آٹھ گیندوں پر صرف دو رنز بناکر چلتے بنے ۔ فخر زمان اکیس ‘سرفراز احمد تین ‘وہاب ریاض ایک سکور بناسکے ۔ سہیل تنیور دو جبکہ شاداب خان تین رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ سیموئل بدری نے دو ‘ولیمز ‘کارلوس براتھا ویٹ‘سنیل نارائن اور سیموئلز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ویسٹ انڈیز نے ہدف تین وکٹوں پرپورا کرلیا ۔ لیوس نے 91رنز کی اننگز کھیلی جس میں 9چھکے اور 5 چوکے شامل تھے ۔ والٹن ایک ‘سیموئلز اٹھارہ رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ جیسن محمدسترہ رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ لیوس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔سہیل تنویر‘شادا ب خان اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔سیریز کا چوتھا اور آخری میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے نو بجے کھیلا جائے گا۔