حکومت نے پاناما سے توجہ ہٹانے کیلئے ویزوں کا ایشو اٹھایا: یوسف رضا گیلانی

خادم اعلیٰ بتائیں میٹرو کے سواملتان کو کیا دیا ، عوام کی آئندہ بھی خدمات کرینگے :سابق وزیر اعظم کا ملتان میں خطاب

ملتان ( ٹیسکونیوز) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے حکومت نے پاناما سے توجہ ہٹانے کیلئے ویزوں کاایشواٹھایا،خادم اعلیٰ بتائیں میٹرو کے سوا ملتان کو کیا دیا ، میرے دور میں ملتان سمیت جنو بی پنجاب میں متعددترقیاتی منصوبے مکمل ہو ئے ۔انہوں نے کہا مہر زوار چاون اور چاون برادری کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سے پیپلز پارٹی نے یو نین کونسل جھوک وینس کو سیاسی طور پرفتح کرلیا ہے ،حلقہ کے عوام کی پہلے بھی خدمت کی آئندہ بھی کرتے رہیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع ساہی چاون میں چاون برادری کی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ 40سالہ رفاقت چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب میں معززین علاقہ سے خطاب کرتے ہو ئے کیا اور مہر زوار چاون کی عوامی خدمات کو سراہا ۔دریں اثنا سید علی حیدر گیلانی کا بازیابی کے بعد موضع ساہی چاون پہنچنے پر چیئرمین ملک عطا وینس ،وائس چیئر مین مہر عون عباس چاون نے شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر عبد القادر گیلانی، عطا وینس ، عون عباس چاون، ناصر خان بادوزئی اور ملک شکیل لابر سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعدادموجود تھی ۔