روس: سینٹ پیٹرز برگ کے میٹرو سٹیشنز پر دھماکے، 10 افراد ہلاک

روس (99نیوز) میڈیا کے مطابق سینٹ پیٹرزبرگ میں زیرِ زمین ٹرین سٹیشنز میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں کم ازکم 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے تاس اور انٹرفیکس کا کہنا ہے کہ دھماکوں کا نشانہ سنایا پلوشیڈ اور اس کا قریبی ٹیکنالوجسکی انسٹیٹیوٹ سٹیشن بنے ہیں۔ سوشل میڈیا پر شائع کی جانے والی تصاویر میں سنایا سٹیشن پر ریل گاڑی کے تباہ شدہ دروازوں اور زخمیوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ انٹرفیکس کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں کم ازکم 50 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ایک دھماکے میں چھّرے بھی استعمال کیے گئے ہیں۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور دہشت گردی سمیت تمام وجوہات مدِ نظر ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’میں پہلے ہی خصوصی فوجی دستوں کے سربراہ سے بات کر چکا ہوں۔ وہ اصل وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘ اطلاعات کے مطابق دھماکوں کے بعد سینٹ پیٹرز برگ میں زیرِ زمین ریلوے کا نظام بند کر دیا گیا ہے۔ ٹیکنالوجسکی انسٹیٹیوٹ سٹیشن شہر میں میٹرو کی دو لائنز پر واقع ہے ہیں جن میں سے ایک سنہ 1955 اور دوسری 1961 سے سفری سہولت فراہم کر رہی ہے۔
سنایا پلوشیڈ میٹرو لائن ٹو پر واقع سٹیشن ہے جس کا افتتاح سنہ 1963 میں ہوا تھا۔