حکومت اور اپوزیشن کے نمائندے جہاز میں ایک ساتھ نشستوں پر براجمان

عابد شیر علی ، علیم خان اور منظور وٹو کو اسلام آباد سے لاہور جانے کیلئے ہوائی جہاز میں ایک ساتھ نشستوں پر سفر کرنا پڑا

لاہور (جیوعوام ) سیاست میں کچھ بھی حرف آخر نہیں ہوتا ، کبھی تو سیاست دان اپنے حریفوں پر لفظی گولہ باری کرتے ہیں تو کبھی ایک ساتھ لمبا سفر بھی خوش گوار موڈ میں طے کر لیتے ہیں ۔ ایسا کچھ ہی ہوا اسلام آباد سے لاہور جانے والی پرواز میں ۔جہاں مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی ، پیپلز پارٹی کے منظور وٹو اور پی ٹی آئی کے علیم خان نے برابر نشستوں پر فضائی سفر کیا ۔ سفر زندگی کا ہو یا سیاست کا ، مل کر چلیں تو اچھے طریقے سے کٹ ہی جاتا ہے ۔ یہی خیالات تھے ان تین سیاسی رہنماؤں کے جب انہیں ایک ہی رو کی نشستوں پر برابر بیٹھ کر جہاز کا سفر کرنا پڑ گیا ۔ پرواز میں موجود دنیا نیوز کے نمائندے نے اس کا آنکھوں دیکھا حال بتایا ۔ جیالے اور کھلاڑی نے پوچھا بھائی صاحب لوڈشیڈنگ کب تلک ختم ہو جائے گی ؟ جس پر عابد شیر علی نے جواب دیا جناب ٹرانسمیشن لائنیں لوڈ برداشت نہیں کر پاتیں اور ٹرپنگ ہو جاتی ہے ۔ عابد شیر علی کبھی مسکرائے ، کبھی نروس نظر آئے ۔ یوں لگتا ہے چند منٹ کا سفر کٹنا بھی اُن کے لئے اچھا خاصا مشکل رہا