لاہور بیدیاں روڈ پر مانانوالہ چوک کے قریب وین میں دھماکہ

لاہور (ٹیسکو نیوز ) خودکش دھماکہ میں 4 فوجی اہلکاروں سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے،حملہ آور نے مردم شماری کی ٹیم کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

لاہور امن دشمنوں کے نشانے پر آگیا ، بیدیاں روڈ پر مردم شماری کیلئے جانیوالی ٹیم پر حملہ ، خودکش حملے میں 6 افراد شہید اور 15 زخمی ہوئے ، شہید ہونیوالوں میں پاک فوج کے 3 جوان اور ایک ایئر فورس کا اہلکار شامل ہے ،
دھماکے سے گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ بزدل دہشتگردوں کا پاکستان کے دل پر ایک اور وار ، مردم شماری ٹیم کو نشانہ بنا دیا ۔ 7 بجکر 45 منٹ کا وقت تھا ، لاہور کے علاقے بیدیاں روڈ پر زندگی رواں دواں تھی کہ اچانک علاقہ دھماکے سے لرز اٹھا ۔ بیدیاں روڈ سے پاک فوج کے جوان اور محکمہ تعلیم کے اساتذہ مردم شماری مہم کیلئے وین میں نکلنے لگے تو گھات لگائے ایک خود کش بمبار نے گاڑی کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔ دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ حملے کے بعد فوج ، رینجرز ، سی ٹی ڈی ، اور پولیس حادثے کی جگہ پر پہنچ گئی ، علاقے کو سیل کیا اور شواہد اکٹھے کئے گئے ، ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے حادثے کی جگہ کا دورہ کیا ۔ پنجاب رینجرز کے ونگ کمانڈر بھی جائے وقوعہ پر پہنچے جنہیں صورتحال سے آگاہ کیا گیا ، خودکش حملے میں شہید ہونیوالوں میں پاک فوج کے تین جوان اور پاک فضائیہ کا بھی ایک اہلکار شامل ہے جنہیں عبداللہ ،ساجد اور اویس کے نام سے شناخت کیا گیا ۔