کراچی: تجاوزات کیخلاف آپریشن، مشتعل افراد نے پولیس موبائل اور مشینری جلا دی

کراچی (ٹیسکو نیوز) آج تجاوزات کیخلاف آپریش کرنے کیلئے مچھر کالونی آنے والی ٹیم کچھ ہی دیر بعد ہر طرف سے دھوئیں میں گھر گئی۔ عین ممکن ہے کہ پہلے وہ یہی سمجھے ہوں کہ اہل مچھ کالونی مچھر مارنے کیلئے دھونی دے رہے ہیں تاہم آن کی آن میں ہی وہ جان گئے کہ اہل علاقہ نے مچھروں کی بجائے اس مشینری کو ہی نذرِ آتش کر ڈالا ہے جو سرکاری اہلکار سرکلر ریلوے کے ٹریک سے ناجائز قبضہ ختم کرانے کیلئے لے کر آئے تھے۔ مشتعل مظاہرین نے اینٹی انکروچمنٹ ٹیم اور پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا اور بیچ سڑک ٹائر جلا ڈالے۔ پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی لیکن مظاہرین کا جلال دیکھ کر پولیس والوں کو پسپا ہونا پڑا۔ مظاہرین نے پولیس موبائل کو بھی نہ بخشا اور آگ لگا کر گویا پولیس کے مظالم کے باعث دلوں میں بھڑکتی آگ کو قدرے ٹھنڈا کر لیا۔ مظاہرین کے احتجاج کے باعث ماڑی پور روڈ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ شیرشاہ، گلبائی اور اطراف کی سڑکوں پر بھی ٹریفک جام ہو گئی جبکہ ٹریلرز کی نقل و حرکت بھی رک کر رہ گئی۔