شامی عوام پر انتظامیہ کا کیمیائی حملہ انسانیت کا قتل عام ہے، سراج الحق

اسلام آباد (ٹیسکونیوز ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ شامی عوام پر بشار انتظامیہ کا کیمیائی حملہ انسانیت کا قتل عام ہے، عالمی برادری فوری اور سخت نوٹس لے۔ استعماری طاقتیں شام اور عراق میں خانہ جنگی کی آگ پر مزید تیل چھڑک رہی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عالمی استعمار ایک بار پھر عالم اسلام بالخصوص مشرق وسطیٰ کو تقسیم در تقسیم کرنے پر تلا ہوا ہے۔ پورے خطے کو علاقائی، نسلی اور مذہبی تعصبات کی دلدل میں دھکیلا جارہا ہے۔ عراق کو تین اور شام کو پانچ ٹکڑیوں میں تقسیم کیا جاچکا ہے۔یمن اور لیبیا میں بھی خانہ جنگی کی آگ بھڑکائی جاچکی ہے اور اسلحے کے عالمی اور علاقائی بیوپاری جنگ کی آگ بجھنے نہیں دے رہے۔امیر جماعت اسلامی نے ایران اور روس سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ بشار الاسد کی مدد کے بجائے اسے مزید جرائم کا ارتکاب کرنے سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ بےگناہ عوام کا خون بہانا دنیا و آخرت میں رسوائی کا سبب بنتا ہے۔