خلیج تعاون کونسل کی شامی فوجی اڈے پر امریکی حملے کی حمایت

( ٹیسکونیوز) خلیجی ممالک کی مشترکہ تنظیم خلیج تعاون کونسل نے شام میں اسد حکومت کی طرف سے شہریوں کے خلاف کیمیائی حملے کے جواب میں امریکی فوجی کارروائی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی میزائل حملہ اسد حکومت کو خان شیخون میں جنگی جرائم کے ارتکاب پر عبرت دلانے کے لیے کیا گیا۔عرب ٹی وی کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالطیف بن راشد الزیانی نے ایک بیان میں کہا کہ کونسل کے تمام رکن ممالک شام میں بشار الاسد کے ایک فوجی اڈے پر امریکی حملے کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ امریکی میزائل حملہ عالمی سطح پر ممنوعہ کیمیائی ہتھیاروں کے ذریعے شہریوں کے قتل عام کے بعد بشار الاسد کو عبرت دلانے کے لیے کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بشار الاسد نے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے نہتے شہریوں کا قتل عام کرکے سنگین جنگی جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ خلیج تعاون کونسل شام میں جاری جنگی جرائم، قتل وغارت گری کی روک تھام، مشرق وسطیٰ میں دیر پا قیام امن کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کرتی ہے اور ساتھ ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مل کر شام میں سیاسی استحکام اور بے گھر ہونے والے شامی شہریوں کی وطن واپسی اور بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون کو تیار ہے۔