شام میں اب حملہ ہوا تو جواب ملے گا، روس کی امریکا کو وارننگ

نیویارک (جیوعوام) فضائی تحفظ کا معاہدہ معطل،سلامتی کونسل کے اجلاس میں گرما گرم بحث، سیکریٹری جنرل نے مسئلے کے سیاسی حل پر زور دیا۔ روس نے امریکہ کو دوبارہ میزائل حملے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دے دی،سلامتی کونسل کے اجلاس میں شام کی صورتحال پر گرما گرم بحث،یو این سیکرٹری جنرل آنتونیو گوترش نے شامی مسئلے کے سیاسی حل پر زور دیا۔ سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں روس کے نائب سفیر ولادمیر سفکرونوف کا کہنا تھا کہ دوبارہ حملے کے بعد جو بھی ہوگا اس کے ذمہ دار وہی ہونگے جنہوں نے یہ حملے کیے۔ امریکی سفیر نکی ہیلے نے اقوام متحدہ کے امن مشن کو ناکارہ قرار دے دیا،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل آنتونیو گوترش نے کہا کہ شام کا صرف سیاسی حل ہی ممکن ہے،امن مشن کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ممبر ممالک کا تعاون ضروری ہے۔ اس سے پہلے امریکہ نے شام کے فضائی اڈے پر 59 کروز میزائل داغ دیے تھے جس کے بعد روس نے حملے کو خودمختار ملک کے خلاف جارحیت قرار دیتے ہوئے شام میں امریکہ کے ساتھ فضائی تحفظ کا معاہدہ معطل کر دیا تھا۔