باؤلرز کی کارکردگی فکر والی بات ہے، سرفراز کو پریشر نہیں لینا چاہئے: انضمام الحق

لاہور( ٹیسکو نیوز) یونس خان اور مصباح الحق کی جگہ جلد پُر نہیں کی جا سکے گی، چیف سلیکٹر کا بھی عظیم بلے بازوں کی صلاحیتوں کا اعتراف، کہتے ہیں کچھ کھلاڑی اپنی کارکردگی کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونس خان اور مصباح الحق کی جگہ جلد پُر نہیں کی جا سکے گی، کچھ کھلاڑی اپنی کارکردگی کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں۔ انضمام الحق کا مزید کہنا تھا کہ یونس خان کو فیصلہ کرنے کا حق ہونا چاہئے، ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے ساتھ جاری ون ڈے سیریز کے متعلق کہا کہ اگلے دو میچوں کی بہت اہمیت ہے، پاکستان کے پاس کم بیک کرنے کی صلاحیت ہے مگر ویسٹ انڈیز سے مقابلے کو آسان نہیں سمجھنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم کا انتخاب کارکردگی اور کنڈیشنز کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ احمد شہزاد نے پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھائی، ایک سیریز میں 8 نئے لڑکے شامل کرنا آسان نہیں تھا تاہم باؤلرز کی کارکردگی فکر والی بات ہے۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اچھے آل راؤنڈرز کی کمی ہے، آخری اوورز میں رنز زیادہ ہوتے ہیں جنہیں پورا کرنا مشکل ہو جاتا ہے، ایسے کھلاڑی ہونے چاہیں جو آخری اوورز میں تیز کھیل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں عبدالرزاق اور اظہر محمود جیسے آل راؤنڈرز ہونے چاہیں۔ چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ سرفراز کو کسی قسم کا پریشر نہیں لینا چاہئے، وہ پریشر لینے والے کھلاڑی نہیں ہیں، سرفراز ہمارا وکٹ کیپر ہے اور اس میں کوئی دو رائے نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سلمان بٹ اچھا کھیل رہے ہیں، وہ ہماری لسٹ میں ہیں۔