بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو موت کی سزا سنا دی گئی

راولپنڈی (ٹیسکو نیوز ) بھارتی جاسوس کے خلاف مقدمہ فوجی عدالت میں چلا،کلبھوشن پر پاکستان کے خلاف جاسوسی اور اتنشار پھیلانے کا الزام تھا،فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سزا ئے موت سنائی:آئی ایس پی آر

پاکستان میں گرفتار ہونے والے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی گئی ،آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے سزا کی توثیق کردی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی جاسوس کے خلاف مقدمہ فوجی عدالت میں چلا،کلبھوشن پر پاکستان کے خلاف جاسوسی اور اتنشار پھیلانے کا الزام تھا،فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سزا ئے موت سنائی،کلبھوشن یادیو عرف حسین مبارک پاٹیل “را” کا ایجنٹ تھا،مجرم بھارتی جاسوس نے مجسٹریٹ اور عدالت کے سامنے اعتراف جرم کیا،مجرم کلبھوشن یادیو کو قانون کے مطابق دفاع کا پورا موقع دیا گیا،کلبھوشن سدھیر یادیو کا سروس نمبر 41558 زیڈ تھا۔ واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو کو کچھ عرصہ قبل پاکستانی فورسز نے جاسوسی کے الزام میں حراست میں لیا تھا اور اس کے قبضے سے حساس مقامات کی تصویریں ، اہم دستاویزات برآمد ہوئی تھیں،کلبھوشن یادیو بھارتی نیوی میں بھی ملازمت کرتا رہا ہے ، کلبھوشن یادیو نے 1987 میں نیشنل ڈیفنس اکیڈمی جوائن کی اور 1991 میں بھارتی نیوی میں بحیثیت کمیشن افسر ملازمت کی،بھارتی پارلیمنٹ پر حملہ ہونے کے بعد را کیلئے بھارت میں ہی جاسوسی کے فرائض انجام دیئے ، کلبھوشن یادیو گرفتاری کے وقت بھی بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر تھا اور اس کی 2022 میں بطور کمیشن افسر ہی ریٹائرمنٹ ہونا تھی ، کلبھوشن یادیو نے 2013 میں را میں شمولیت اختیار کی اور اس کے بعد بلوچستان ، کراچی میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور علیحدگی کی تحریکیں چلانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو گرفتار کیا گیا تھا اور اس نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا تھا کہ اس کی پاکستان آمد کا مقصد بلوچستان اور کراچی میں علیحدگی کی تحریکوں کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں قتل و غارت گری بھی کرنا تھا