رینجرز اختیارات کی مدت ختم، وزیر اعلیٰ نے توسیع کی سمری پر دستخط نہ کئے

کراچی (ٹیسکو نیوز) رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت ختم ہو گئی۔ سندھ حکومت ایک بار پھر شش و پنج کا شکار ہے۔ رینجرز کو چھاپوں اور گرفتاریوں کیلئے خصوصی اختیارات میں توسیع نہ مل سکی۔ سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت ختم ہو گئی، وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ داخلہ کی توسیع سے متعلق سمری پر دستخط نہیں کئے، آصف زرداری کے ساتھیوں کی گمشدگی کے بعد صوبائی حکومت ہچکچاہٹ کا شکار۔ آصف علی زرداری کے قریبی ساتھیوں کی گمشدگی کے بعد اور اہم افراد کی ممکنہ گرفتاری کے خدشے پر سندھ حکومت رینجرز کو اختیارات دینے میں ہچکچاہٹ کا شکار نظر آتی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے پانچ اپریل کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو رینجرز کے خصوصی اختیارات میں نوے روز کی توسیع کیلئے سمری ارسال کی تھی لیکن نو روز گزرنے کے بعد بھی سمری پر دستخط نہیں ہو سکے۔
آخری مرتبہ رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت میں پندرہ جنوری کو نوے روز کیلئے توسیع کی گئی تھی۔
ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور کراچی فش ہاربر اتھارٹی پر چھاپوں کے بعد پیپلز پارٹی رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کے معاملے پر ہر بار تذبذب کا شکار ہوتی ہے۔ پیپلز پارٹی رینجرز کے خصوصی اختیارات کو محدود کرنے کیلئے اسمبلی سے قرارداد بھی منظور کرا چکی ہے