طالبعلم مشال کے قتل کا معاملہ،8 ملزمان ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

پشاور(ٹیسکو نیوز) مردان واقعے میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کا عمل جاری ہے،مزید چار ملزم پکڑے جانے کے بعد گرفتاریوں کی تعداد بارہ ہو گئی ہے،آٹھ ملزموں کو انسداد دہشتگرد مردان کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جن میں تحصیل کونسلر اور 7 یونیورسٹی ملازم شامل تھے انہیں چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس نے نامزد 20 میں سے 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا،مقدمے میں تحصیل کونسلر اورسات یونیورسٹی ملازم بھی شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے جوڈیشل انکوائری کیلئے سمری پشاور ہائی کورٹ کو ارسال کردی جس کے بعد چیف جسٹس انکوائری کیلئے کمیٹی تشکیل دیں گے جبکہ عبدالولی خان یونیورسٹی میں پرو وی سی کی تعیناتی کیلئے سمری گورنرہاوس ارسال کر دی گئی ہے۔ مشیر ہائیر ایجوکیشن مشتاق غنی کہتے ہیں تعیناتی پیر تک ہو جائے گی،انہوں نے کہا ایک ہفتے بعد جامعہ کو کھول دیا جائیگا اور تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو جائیں گی۔