‘لوڈ شیڈنگ میں اضافے کا سبب موسم ہے، ہر چیز حکومت کے ہاتھ میں نہیں ہوتی’

لاہور: (جیوعوام) پیر کی صبح رضا ربانی کو منانے ان کے گھر جاؤں گا، ایاز صادق کا اعلان، کہتے ہیں ہماری کوشش ہو گی کہ رضا ربانی کے استعفے کی نوبت نہ آئے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پیر کی صبح رضا ربانی کو منانے ان کے گھر جاؤں گا، ہماری کوشش ہو گی کہ رضا ربانی کے استعفے کی نوبت نہ آئے۔ پانامہ کیس کے ممکنہ فیصلے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پانامہ سے متعلق مخالفین کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہیں، پانامہ کا ریفرنس میرے پاس بھی آیا تھا، اس میں کچھ نہیں ہے، نواز شریف ہی وزیر اعظم رہیں گے، قومی اسمبلی میں دوسرا کوئی امیدوار نہیں ہے۔ سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ میڈیا پر ایسی خبریں صرف کچھ لوگوں کی خوش فہمیاں ہیں۔ ڈان لیکس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یہ کہہ کر بات ٹال دی کہ قومی اسمبلی کا ڈان لیکس سے کوئی تعلق نہیں۔ سردار ایاز صادق نے طویل لوڈشیڈنگ سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے لیکن 16 گھنٹے نہیں، لوڈشیڈنگ کا جن قابو ہو گیا ہے، آنے والے وقت میں مزید بہتری ہو جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کے اضافے کا سبب موسم ہے، اس میں حکومت کا کوئی دخل نہیں، موسم ہی نہیں ہر چیز اللہ کے ہاتھ میں ہے