طالبان ترجمان احسان اللہ احسان نے خود کو پاک فوج کے حوالے کر دیا

راولپنڈی: (ٹیسکونیوز) کالعدم جماعت الاحرار اور طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے خود کو پاک فوج کے حوالے کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے اہم اعلان کیا گیا ہے کہ کالعدم جماعت الاحرار اور طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے خود کو پاک فوج کے حوالے کر دیا ہے۔ دہشتگرد اور ان کے ساتھی کہیں بھی ہوں، ان کا خاتمہ کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے میڈیا کو بریفنگ دیتے بتایا کہ حیدر آباد سے غائب ہونے والی لڑکی کو لاہور سے بازیاب کرا لیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو دہشتگردوں سے بازیاب ہونے والی لڑکی نورین لغاری کا ویڈیو بیان بھی سنایا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں نورین لغاری نے انکشاف کیا کہ لاہور میں پکڑے جانے والے دہشتگرد بڑے منصوبے بنا رہے تھے۔ دہشتگرد خود کش حملے کرنا چاہتے تھے۔ مجھے خود کش حملے کیلئے استعمال کیا جانا تھا۔ مجھے دو خود کش جیکٹس اور گولیاں فراہم کی گئیں۔ خود کش حملہ ایسٹر کے موقع پر کیا جانا تھا۔ نورین لغاری کا کہنا تھا کہ مجھے کسی نے اغواء نہیں کیا۔ اپنی مرضی سے لاہور روانہ ہوئی تھی۔