کراچی: اختیارات ختم، رینجرز نے ہیلپ لائن اور ای میل سروسز بند کر دیں

کراچی (ٹیسکو نیوز) رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع نہ ہو سکی، رینجرز کی واٹس ایپ اور ای میل سروسز بھی غیر فعال ہو گئیں، حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ رینجرز کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کا مینڈیٹ حاصل ہے۔
سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات میں تین روز گزر جانے کے بعد بھی توسیع نہ ہوسکی۔ دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بنائی جانے والی رینجرز کی ہیلپ لائن 1101 اور ای میل سروسز بھی غیر فعال ہو گئیں، ہیلپ لائن پر روزانہ سینکڑوں افراد رابطہ کرتے تھے۔ ذرائع کے مطابق رینجرز انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائیاں کرتی تھی تاہم اختیارات کی مدت ختم ہوتے ہی کارروائیاں بھی روک دی گئی ہیں۔ دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے وضاحت کی ہے کہ رینجرز کی خدمات واپس لینے کا تاثر غلط ہے، رینجرز کو انٹلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کا مینڈیٹ حاصل ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق سول انتظامیہ کی مدد کے لئے رینجرز ریکوزیشن کی قانونی پوزیشن ایک سال کیلئے ہے، نوٹیفکیشن کے تحت رینجرز کے قیام کی مدت رواں سال انیس جولائی تک ہے، چوکیوں کے قیام، گشت اور حساس تنصیبات کی سکیورٹی میں رینجرز پولیس کو مدد فراہم کریگی۔