فیصلہ تسلیم کریں گے: مریم، پانامہ کیس سازشیوں کی سیاسی شعبدہ بازی ہے: سعد

اسلام آباد (ٹیسکو نیوز) عدالتی فیصلہ آئین اور قانون کے عین مطابق ہو گا، نواز شریف کی حکومت قانون کی بالادستی اور اداروں کے احترام پر یقین رکھتی ہے، مریم اورنگزیب کی یقین دہانی۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلہ آئین اور قانون کے عین مطابق ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت قانون کی بالادستی اور اداروں کے احترام پر یقین رکھتی ہے۔ مریم اورنگزیب نے نے یہ بھی کہا کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ تسلیم کرنے کی بات پہلے روز سے ہی کر رہے ہیں، پانامہ کیس کا فیصلہ آنے والا ہے، مزید قیاس آرائیاں نہیں کرنی چاہیں۔ اسی حوالے سے اپنے بیان میں وزیر ریلوے سعد رفیق نے پاناما کیس کو چند سازشیوں کا پولیٹیکل سٹنٹ قرار دیدیا، کہتے ہیں مقدمہ محض سیاسی بنیادوں پر لڑا گیا، مخالفین عدالت میں اپنے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت نہیں لا سکے۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نواز لیگ کا جنازہ نکالنے کے شوق میں جمہوریت کی قبر کھودنے کی سازش شرمناک ہے، سیاسی میدان میں بار بار شکست کھانے والے اب سپریم کورٹ کو مورچے کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ کوئی منی لانڈرنگ نہیں ہوئی، نواز شریف اور شہباز شریف ہی نے پاکستان میں شفاف طرز حکمرانی متعارف کروایا۔ ادھر، اسی حوالے سے جاری کردہ ایک بیان میں وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ پانامہ لیکس پر فیصلہ کچھ بھی ہو سکتا ہے، خدا کرے یہ ملک اور قوم کے بہترین مفاد میں ہو اور دعا ہے کہ فیصلے سے انصاف کا بول بالا ہو