فرانس: پیرس میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک، 2 زخمی

پیرس: (99 نیوز) فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔ شانزے لیزے کے علاقے میں مسلح شخص نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ پولیس پر فائرنگ کے واقعے میں دو حملہ آور ملوث ہیں۔ دوسرے حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔ مارے جانے والے مسلح شخص کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی۔ واقعے میں دہشت گرد ی کے ممکنہ پہلو کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پیرس حملے کے بعد فرانسیسی صدر فرانسس اولاندے نے ایمرجنسی میٹنگ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے پولیس حملے کی نوعیت دہشت گردانہ قرار دے دیا۔ اُدھر صدارتی امیدوار میری لی پین اور فرانوئس فیلون نے اپنی انتخابی مہم مؤخر کر دی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اطالوی وزیر اعظم نے پیرس حملے کی مذمت کرتے ہوئے فرانسیسی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔