پاناما کیس کی مزید تحقیقات کیلئے قانونی کردار ادا کریں گے: پاک فوج

راولپنڈی (جیوعوام) کور کمانڈر کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاناما کیس میں بنائی گئی جے آئی ٹی میں شامل پاک فوج کے ارکان اپنا قانونی کردار شفاف طریقے سے ادا کریں گے۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جاری آپریشن رد الفساد میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ سپریم کورٹ کے پاناما کیس کے فیصلے خصوصا جے آئی ٹی پر بھی بات چیت کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں پاناما کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں شامل پاک فوج کے ارکان اپنا قانونی کردار شفاف طریقے سے ادا کریں گے اور سپریم کورٹ کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ کور کمانڈر کانفرنس میں آپریشن رد الفساد کا بھی جائزہ لیا گیا اور پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔