ترکی: فتح اللہ گولن سے تعلق کا الزام، سیکنڑوں افراد گرفتار

انقرہ: (سکائی نیوز) ترک حکومت کی مخالفین کے خلاف ایک اور کارروائی، جلا وطن رہنما فتح اللہ گوُلن سے تعلق کے الزام میں مزید ایک ہزار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترک سکائی نیوز کے مطابق گزشتہ رات ملک کے 81 صوبوں میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران ان افراد کو گرفتار کیا گیا۔ یہ گرفتاریاں ترک صدر طیب اردوان کی کامیابی کے بعد ان کے مخالفین پر پہلا بڑا کریک ڈاؤن ہے۔ اطلاعات کے مطابق گرفتار ہونے والوں کی اکثریت پولیس اہلکاروں کی ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار اہلکاروں کا فتح اللہ گولن کی تنظیم سے تعلق ہے گرفتار افراد کو دارالحکومت انقرہ منتقل کیا جائے گا۔
سکائی نیوزکے مطابق ترک پولیس ابھی مزید 2200 افراد کی تلاش میں مصروف ہے جن کی اکثریت بھی پولیس ملازمین کی ہے۔ ترک پولیس نے ملک کے 81 صوبوں سے تعلق رکھنے والے 3224 افراد کی فہرست تیار کی تھی۔ ترک وزیر داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے اس کارروائی کو ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔