چوہدری نثار کے پاس خورشید شاہ کی بے ہودہ باتوں کا جواب دینے کا وقت نہیں، وزارت داخلہ

اسلام آباد:(جیوعوام) ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار کے پاس اتنا وقت نہیں کہ وہ کسی کی لغو اور بے ہودہ باتوں کا جواب دیں اور نا ہی خورشید شاہ کی بے بنیاد باتیں اس قابل ہیں کہ ان پر اظہار خیال کیا جائے۔
گزشتہ روز خورشید شاہ کے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار پر تنقیدی بیان کے رد عمل میں وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ لوگ اپنے ماضی کی اصلیت اور ذہنیت سے باہر نہیں نکل سکتے وہ اپنے ماضی کی تعلیم اور سوچ سے باہر نکلنے کو تیار ہی نہیں اور اسی پست سوچ کا اظہار ان کے بیانات سے ہوتا ہے جب کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا شمار بھی انہیں لوگوں میں ہوتا ہے جو ذہنی اور اخلاقی طور پر 70 کی دہائی میں کھڑے ہیں خورشید شاہ 2017 میں بھی وہیں کھڑے ہیں جہاں سے انہوں نے کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن میں ملازمت کا آغاز کیا تھا۔ ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار کے پاس اتنا وقت نہیں کہ وہ کسی کی لغو اور بے ہودہ باتوں کا جواب دیں اور نا ہی خورشید شاہ کی بے بنیاد باتیں اس قابل ہیں کہ ان پر اظہار خیال کیا جائے اور اگر وزیرداخلہ کی جانب سے جواب دنیا مقصود ہوتو اتنا کہنا کافی ہے کچھ لوگ وزیرداخلہ کی دشمنی میں انتہائی پستی کا شکار ہوگئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہرغیرمتعلقہ بات کو وزیرداخلہ کے ساتھ جوڑنا کسی بھی سیاسی رہنما کی اخلاقی اور شخصی دیوالیہ پن کا منہ بولتا ثبوت ہے اور افسوس اس بات کا ہے کہ میڈیا کے چند حلقے بے بنیاد اور گمراہ کن بیانات کا نوٹس بھی نہیں لیتے