افغانستان فہرستیں لینے دینے نہیں تعلقات کی بحالی کیلئے گئے تھے، ایاز صادق

اسلام آباد: (ٹیسکو نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کابل سے واپسی پر کہنا تھا کہ افغانستان سے جو رابطے ٹوٹ گئے تھے ہم اس کو بحال کرنے گئے تھے، دونوں ممالک تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں، مشترکہ اسلامی اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صاد ق پارلیمانی وفد کے ہمراہ دورہ افغانستان سے واپسی پر دو طرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے پر امید ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ دورے کا مقصد صرف ٹوٹے رابطوں کو جوڑنا تھا، افغان قیادت سے طویل ملاقاتیں ہوئیں، دونوں اطراف سے تعلقات میں بہتری کی خواہش ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ اور دیگر افغان حکام بھی پاکستان کا دورہ کریں گے. ایران سی پیک میں شمولیت کا خواہشمند ہے اور کوئی اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں۔