شربت فروش کے بینک اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے کی موجودگی کا انکشاف

کراچی:غریب شہری عبدالقادرکےاکاؤنٹ میں 2 ارب روپےکی موجودگی کاانکشاف ہوا ہے ۔بینک اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے کی موجودگی کے انکشاف کے بعد گھر کے باہر پولیس تعینات کردی گئی، عبدالقادر کا کہنا ہے کہ وہ ان پڑھ ہے، معلوم نہیں رقم کہاں سے آئی ہے۔

چالیس گز کے گھر میں رہائش پزیر غریب شہری عبدالقادر کے مطابق گزرے وقت میں کسی کمپنی کے پاس ملازم تھا جس کے لیے اس نے اکاؤنٹ کھلوایا تاہم کھاتہ کافی عرصے سے تقریبا خالی پڑا تھا، اب اچانک اس میں 2 ارب روپے آگئے ہیں۔شہری کے مطابق اسے ایف آئی اے نے اکاؤنٹ کے حوالے سے مطلع کیا، پھر آفس بلایا اور اکاؤنٹ بھی دکھایا۔

عبدالقادر نے کہا کہ اسے جب اپنے اکاؤنٹ میں اتنی بڑی رقم کی موجودگی کا پتہ چلا تو اسے کسی قسم کی حیرانی نہیں ہوئی بلکہ وہ تو اپنی ریڑھی لیکر فالودہ شربت فروخت کرنے کے لیے چلا گیا تاکہ دیہاڑی لگائی جا سکے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ بے نامی اکاؤنٹ کا کیس جو اب منی لانڈرنگ کیس میں تبدیل ہو چکا ہے، ممکن ہے کہ یہ اسی طرز کا کیس ہے۔