ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ تیس پیسے کمی

کراچی: انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ چند روز تیزی کے بعد امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ تیس پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی

ملک بھر کی انٹربینک مارکیٹوں میں اس وقت امریکی ڈالر 132 روپے 50 پیسے میں ٹریڈ ہو رہا ہے۔ ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں کمی آنے سے ملک میں مہنگائی کا زور بھی ٹوٹے گا اور اشیائے خورونوش کے نرخ بھی کم ہوں گے۔

پاکستانی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں آنے والے رد و بدل کی وجہ سے تاجروں اور کاروباری حضرات میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں اشیائے خورو نوش کے علاوہ ضروریات زندگی کی مختلف اشیا کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا جس کی وجہ سے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ روزمرہ استعمال کی جن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں زیادہ تر کا تعلق کھانے پینے سے تھا۔