آشیانہ ہاؤسنگ کیس، شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 10 دن کی توسیع

لاہور: احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 10 دن کی توسیع کر دی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے عدالت سے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

واضح رہے کہ نیب لاہور نے 5 اکتوبر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا تاہم اُن کی پیشی پر انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

اگلے روز انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں جج نجم الحسن نے شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے کرتے ہوئے سماعت 16 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کر دی تھی۔

آج شہباز شریف کو بکتر بند کی جگہ عام گاڑی میں احتساب عدالت لایا گیا ہے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور احتساب عدالت کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

دوسری جانب احتساب عدالت کی جانب جانے والے راستوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں جس کے باعث اسکول اور دفاتر جانے والے افراد کو سخت دشواری کا سامنا ہے۔