آسیہ بی بی کی بریت، تحریک لبیک کا ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج

لاہور: آسیہ بی بی کو بری کیے جانے کے خلاف کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تحریک لبیک کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے باعث لیاری ایکسپریس وے کراچی اور حیدر آباد کے دونوں روٹس کو بند کر دیا گیا ہے۔

کراچی میں بلدیہ ٹاؤن چار نمبر، نمائش چورنگی، شارع فیصل اسٹار گیٹ، سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر، اورنگی ٹاؤن 5 نمبر، سرجانی ٹاؤن فور کے چورنگی پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔

احتجاج کے باعث بلدیہ ٹاؤن جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے اور شیر شاہ سے بلدیہ جانے والی ٹریفک کو لیبر اسکوئر کی طرف موڑ دیا گیا ہے جب کہ مواچھ گوٹھ سے آنے والی ٹریفک کو ڈبہ موڑ کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

تحریک لبیک کے احتجاج کے سبب ٹاور اور ایم اے جناح روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند ہے، جناح برج سے ٹریفک کوآئی آئی چندریگر روڈ کی جانب موڑ دیا گیا ہے، ایم اے جناح روڈ جامع کلاتھ سے ٹریفک کو بابائے اردو چوک کی طرف موڑ دیا گیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث حیدر آباد سے کراچی آنے والی ٹریفک کو ابوالحسن اصفہانی روڈ کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔

کراچی میں مختلف مقامات پر احتجاج کے باعث تعلیمی ادارے بند ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ جہاں جامعہ کراچی، وفاقی اردو یونیورسٹی اور سرسیدیونیوسٹی میں تدریسی عمل معطل ہو گیا ہے۔

اس کے علاوہ شہر بھر میں کالجز، نجی اور سرکاری اسکول بھی بند ہونا شروع ہو گئے ہیں جس کے باعث والدین بچوں کو لینے کے لیے اسکول پہنچ گئے۔شہر میں احتجاج کے باعث پرائیوٹ ٹرانسپورٹ سے گھر جانے والے طلبا کو پریشانی کا سامنا ہے۔

لاہور میں بھی آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں چیئرنگ کراس پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ ملتان روڈ پر مانگا منڈی میں جماعت اہلسنت کا احتجاج جاری ہے جب کہ چونگی امرسدھو اور داروغہ والا چوک پر بھی سنی تحریک کے کارکنان احتجاج کر رہے ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144کے تحت صوبے بھر میں عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے جو 31 اکتوبر سے 10 نومبر تک نافذ العمل رہے گی۔محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کے تحت دھرنوں، جلسے جلوسوں اورریلیوں پر پابندی ہو گی۔

گوجرانوالہ میں تحریک لبیک کے کارکنان کا چندا قلعہ بائی پاس اور حیدر چوک پر احتجاج جاری ہے جب کہ بورے والا میں لاری اڈہ چوک اور گجرات میں جی ٹی ایس چوک اور جی ٹی روڈ پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ شہباز چوک پر بھی احتجاج کیا جارہا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تحریک لبیک کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے جہاں فیض آباد انٹر چینج احتجاج کے باعث مکمل طور پر بند ہے جب کہ ایکسپریس وے شکریال کے پاس سے اور جی ٹی روڈ گوجر خان سے بند ہے۔